لگا کے پیڑ نہ جن میں کبھی ثَمَر آئے
سَمَجھ رہے ہیں جو کرنے تھے کام کر آئے
دُعا کا کیا ہے؟ دُعا لب پہ عمر بھر آئے
مزا تَو جب ہے دعاؤں میں کچھ اَثَر آئے
جنوں اُنھِیں کا اُنھِیں کی ہُوئیں منازلِ شوق
جو ہر سَفَر میں نیا سنگِ میِل دھَر آئے
نظامِ گلشنِ رَدّ و قبول کو تَو سَمَجھ
جو چاہے نخلِ تمنّا میں کچھ ثَمَر آئے
خلوصِ حُسنِ نَظَر کی فصِیل حائل تھی
بہت خیال نے چاہا مُراد بَر آئے
نہ وہ فضا نہ وہ خوشبُو نہ وہ در و دیوار
ہم اجنبی سے تھے ضامنؔ جب اپنے گھر آئے
ضامن جعفری