فرازِ دار پہ جب ہم فلک مقام آئے
جُنوں کے نام ہر اِک سمت سے سلام آئے
ہمیَں نہیں پَڑی منزل وہ لن ترانی کی
ابھی گئے ہیں ابھی ہوکے ہمکلام آئے
چھِڑا ہے ذکر کہ ہے کون منتظر کس کا
مری دُعا ہے ترے ساتھ میرا نام آئے
یقیں کو بھی ہو جہاں جستجوئے نادیدہ
رہِ حیات میں اپنی نہ وہ مقام آئے
خدا کا شکر ہے اُس نے بچا لیا ضامنؔ
مرے رفیق کہیِں بھی نہ میرے کام آئے
ضامن جعفری