یہ چاہت ہے؟محبت ہے؟جُنونِ عشق ہے؟کیا ہے؟
زمانہ بھر ہے آمادہ، مری تحلیلِ نفسی پرمگر فرصت کسے اِتنی؟
کہ وہ کچھ فیصلہ کرنے سے پہلے، مجھ سے بھی پوچھے
کہ حسن و عشق کے بارے میں میرا کیا تصور ہے؟
کوئی سننے پہ راضی ہو تو بس یہ عرض کرنا ہے
مرے جذبات کی دنیا میں ، جو آئین نافذ ہے
نگاہِ بے ریا،بے لوث دل اور جرأ تِ اِخلاص نے، مل کر بنایا ہے
مری دنیا میں بس اِن تین کی فرماں روائی ہے
نگاہوں میں کوئی خواہش نہیں ہے، اُس کو پانے کی
غبارِ آرزوسےدامنِ دل پاک ہے میرا
خلوصِ عشقیہ رَس گھولتا رہتا ہے، کانوں میں
اگر دل میں اُسے پانے کی خواہش ہے تو یہ ملحوظِ خاطررکھ
کہ خواہش کو محبت کہہ نہیں سکتے
حریر و شعلۂ جوّالہ کو آپس میں کیا نسبت؟محبت اور خواہش کا ہو سنگم!کیسے ممکن ہے؟
گر ایسا ہے، تو پھر ضامنؔ!
ضرورت نےغرض نےیا، ہَوَس نے بھیس بدلا ہے
یہ زک دینے کی سازش ہے،
خلوصِ عشق کو میرے،
مر ے حسنِ محبت کو
ضامن جعفری