ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 34
آنکھوں میں آباد ہے ویرانہ سا جیسے
جُگ بیتے وہ شخص نہیں ہے دیکھا جیسے
کوئی چکور نہیں آتا ہے اُڑ کر ہم تک
ہم تنہا ہیں آسمان پر چندا جیسے
جب سے باغ نے ابر سے ہم آغوشی چاہی
اُڑنے لگا وہ اور بھی، اور بھی اُونچا جیسے
چھنی سماعت سے جب سے بُوندوں کی آہٹ
چاروں اور ہے ہیبت زا سنّاٹا جیسے
جب سے ماجِد عمر کی پت جھڑ زوروں پر ہے
گرد آلود ہُوئی ہر ایک تمنّا جیسے
ماجد صدیقی