ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 143
بات ڈرتے تھے جس سے وُہی ہو گئی
ہم پہ ممنوع پھر وہ گلی ہو گئی
جب سے اُس سے معنون ہوئی شاعری
چیز کھوٹی تھی لیکن کھری ہو گئی
میرے حرفوں میں جب سے اُترنے لگی
اور بھی ہے وُہ صورت جلی ہو گئی
چاند بھی عکس اُس کا دکھائے نہ اب
یہ ملاقات بھی سرسری ہو گئی
پھر صبا نے جگائے بُجھے ولولے
شاخ اندوہ کی پھر ہری ہو گئی
وہ ستم گر بھی مانگے ہے دادِ ستم
لو شقاوت بھی اَب ساحری ہو گئی
ہوتے ہوتے زمانے کی تحریک پر
اپنی نیّت بھی ماجدؔ بُری ہو گئی
ماجد صدیقی