دیوان اول غزل 565
اچنبھا ہے اگر چپکا رہوں مجھ پر عتاب آوے
وگر قصہ کہوں اپنا تو سنتے اس کو خواب آوے
بھرا ہے دل مرا جام لبالب کی طرح ساقی
گلے لگ خوب روئوں میں جو میناے شراب آوے
بغل پروردئہ طوفاں ہوں میں یہ موج ہے میری
بیاباں میں اگر روئوں تو شہروں میں بھی آب آوے
لپیٹا ہے دل سوزاں کو اپنے میر نے خط میں
الٰہی نامہ بر کو اس کے لے جانے کی تاب آوے
میر تقی میر