آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 30
تندیِٔ باد سے آنکھوں کو بچائے رکھو
طاقِ اُمید میں یہ دیپ جلائے رکھو
میری خوش فہمیاں بھی میری وفا کا ہیں ثبوت
اُس کا فرمان جو ہے، آس لگائے رکھو
تم کہ شائستۂِ غم ہو، یہ تمہیں لازم ہے
ایک مسکان سی ہونٹوں پہ سجائے رکھو
قدرِ یک جام تمہیں بعد میں ہو گی معلوم
ربط دنیا سے کوئی دیر گنوائے رکھو
غم خود افروز بھی ہے تجربہ آموز بھی ہے
روز بڑھتا ہے اسے روز گھٹائے رکھو
جس کا سُن سکنا جفا کار کی فطرت میں نہیں
عادتاً تم بھی وہی شور مچائے رکھو
آفتاب اقبال شمیم