منصور آفاق ۔ غزل نمبر 491
پائے طلب کو جستجو آسودگی کی تھی
یعنی ہمیں تلاش تمہاری گلی کی تھی
یہ سرفرازیوں کی کہانی عجیب ہے
جو اپنے پاؤں میں ہے یہ منزل کسی کی تھی
برسی گھٹائے فیض رساں جیسے آج ہے
ویسی امید آپ سے دریا دلی کی تھی
بے رحم باسیوں نے ٹھہرنے نہیں دیا
اُس شہر سے تمنا کہاں واپسی کی تھی
کوئی خبر لا آتے دنوں کی غیاب سے
یہ ساری داستان تو گزری ہوئی کی تھی
ابھری جبینِ شیخ پہ کیوں غیظ کی شکن
منصور کے لبوں پہ صدا یانبی کی تھی
منصور آفاق