منصور آفاق ۔ غزل نمبر 80
خواب اتنا زیادہ ابتر تھا
جیسے دوزخ میں میرا بستر تھا
میرے آنے پہ کیوں دھڑک اٹھا
تیرا دل تو ازل سے پتھر تھا
جس کو چاہا اسی کو جیت لیا
جانے کیا اس کے پاس منتر تھا
کوئی باہوں کی دائرے میں تھی
اور تعلق کا پہلا چیتر تھا
بند درزیں تھیں رابطوں والی
اس کی دیوار پر پلستر تھا
راستے کے بڑے مسائل ہیں
مجھ سے کچھ پوچھتے تو بہتر تھا
وردِ الحمد کی صدا منصور
صبح ابھری کہیں تو تیتر تھا
منصور آفاق