منصور آفاق ۔ غزل نمبر 63
وہ ہے شکست مان کے پتھر پڑا ہوا
اک پہلوان رِنگ سے باہر پڑا ہوا
آگاہ بھلا ہو کیسے کہ کیا ہے فلک کے پار
وہ جو ہے کائنات کے اندرپڑا ہوا
ڈالی تھی ایک میں نے اچٹتی ہوئی نظر
میرے قریب تھا کوئی منظر پڑا ہوا
آرام کر رہا تھا ابھی تو یہ ریت پر
دریا کہاں گیا ہے برابر پڑا ہوا
یہ بادِ تند و تیز کی آغوشِ گرم میں
خراٹے لے رہا ہے سمندر پڑا ہوا
وہ بھی گلی میں پھرتی ہے بے چین دیر سے
میں بھی ہوں گھر میں بلب جلا کر پڑا ہوا
منصور آسمان سے لے کر پہاڑ تک
کیا کیا اٹھانا پڑتا ہے سر پر پڑا ہوا
منصور آفاق