باقی صدیقی ۔ غزل نمبر 160
بے کلی بے سبب نہیں ہوتی
اتنی لمبی تو شب نہیں ہوتی
ہم کہاں تک گلہ کریں غم سے
آپ سے بھول کب نہیں ہوتی
کھل کے باتیں کرو کہ اب ہم سے
گفتگو زیر لب نہیں ہوتی
دل کی حالت عجیب ہوتی ہے
کوئی امید جب نہیں ہوتی
ہر نئے حادثے پہ حیرانی
پہلے ہوتی تھی اب نہیں ہوتی
ہم کہاں تک گلے کریں باقیؔ
وہ نظر دور کب نہیں ہوتی
کوئی باقیؔ سنے سنے نہ سنے
داستاں ختم اب نہیں ہوتی
باقی صدیقی