
یاور ماجد
یاور ماجد (پیدائش: دسمبر 18، 1971) اردو زبان کے شاعر ہیں۔
حالاتِ زندگی
یاور ماجد 18 دسمبر 1971 کو معروف شاعر اور اردو معلم ماجد صدیقی کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم راوالپنڈی اور اسلام آباد کے سکولوں سے حاصل کی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ کچھ برس مقامی کمپنیوں کے ساتھ منسلک رہنے کے بعد 1999 میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں چلے گئے اور چھ سال کیلیفورنیا میں کام کرنے کے بعد شکاگو، الینوائے منتقل ہو گئے جہاں وہ ایک کنسلٹنگ کمپنی میں سافٹ ویئر آرکیٹیکٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
شاعری
یاور ماجد اردو غزل اور اردو نظم کے ساتھ ساتھ بچوں کی شاعری میں بےحد دلچسپی لیتے ہیں۔ ان کی پہلی کتاب آنکھ بھر آسمان مارچ 2020 میں بک کارنر جہلم نے شائع کی پچھلے تیس برس میں لکھی گئی تمام نظمیں اور غزلیں شامل ہیں۔ بچوں کی شاعری میں ان کی اپنی نظموں کے علاوہ ڈاکٹر تھیوڈور سوس گائزل کی کئی طویل نظمیں شامل ہیں۔ ان کی بچوں کی نظمیں سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر گانوں کی شکل میں بھی موجود ہیں جن کی موسیقی انہوں نے خود ترتیب دی۔